بائیو میٹرک کا احیاء ، اسکیمات پر عمل آوری میں تاخیر کے خلاف انتباہ ، چیرمین کی توجہ
حیدرآباد۔27 جولائی (سیاست نیوز) وقف بورڈ کے عملہ اور عہدیدارو ںکو اوقات کار کا پابند بنانے اور ان کی حاضری کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں صدرنشین ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے وقف بورڈ کے دفتر میں موجود تمام بائیومیٹرک مشینوں کو کارکرد بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ملازمین اور عہدیداروں کی حاضری بائیومیٹرک کے ذریعہ ریکارڈ کی جائے گی اور اس سلسلہ میں واضح احکام جاری کئے جاچکے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ صدرنشین وقف بورڈ کو دفتری اوقات کے بعد حج ہاؤز میں عہدیداروں کی موجودگی کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کے بعد انہوں نے بائیو میٹرک کی تنصیب اور احیاء کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام عہدیداروں اور ملازمین کی آمد و رفت کی تفصیلات اکٹھا کی جائیں۔جناب محمد مسیح اللہ خان کی ہدایت کے بعد وقف بورڈ میں بائیو میٹرک نظام حاضری کا احیاء کردیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر بائیو میٹرک اور رجسٹر حاضری میں دستخط دونوں طریقہ سے حاضری لی جائے گی ۔عہدیدارو ںکے مطابق وقف بورڈ میں بائیو میٹرک نظام حاضری کورونا وائرس کے دور میں بند کردی گئی تھی لیکن اب صدرنشین کی ہدایت کے بعد فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے بائیو میٹرک نظام حاضری کا احیاء عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آئمہ و مؤذنین کو جاری کئے جانے والے مشاہرہ کے سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان کی مداخلت کے بعد محکمہ فینانس کے تحت خدمات انجام دینے والی ٹریژری کی جانب سے رقومات کی اجرائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ ریاست میں حکومت وقف بورڈ کے توسط سے جو اعزازیہ و مشاہرہ آئمہ و مؤذنین کو جاری کرتی ہے اس کی اجرائی کے اقدامات کے باوجود ٹریژری کی جانب سے کی جانے والی تاخیر پر صدرنشین وقف بورڈ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں فوری کاروائی کی ہدایت دی تھی اور آج ٹریژری کے ذریعہ ان تمام آئمہ و مؤذنین کو مشاہرہ و اعزازیہ کی اجرائی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے جنہیں وقف بورڈ کی جانب سے اعزازیہ کی منظوری عمل میں لائی گئی ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات کے بجٹ کی اجرائی کے باوجود ان پر عمل آوری پر تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور ان امور کو انجام دینے میں لاپرواہی کرنے والے عہدیداروں کے خلاف کاروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ صدرنشین نے بتایا کہ حج ہاؤز کی عمارت کے علاوہ وقف بورڈ کے دفتر میں سی سی ٹی وی کیمروں کو کارکرد بنانے کے اقدامات کی بھی ہدایت دی جا چکی ہے تاکہ عمارت کو محفوظ بنانے کے علاوہ عوامی شکایات کے ازالہ کو یقینی بنایا جاسکے۔جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ بورڈ کے ملازمین کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے چارٹر کی تیاری بھی شامل ہے تاکہ بورڈ کو موصول ہونے والی درخواستوں اور شکایات کی متعینہ مدت میں ان کی یکسوئی عمل میں لائی جاسکے۔م