تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ جات کے افشاء کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

   

حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں پولیس نے اہم پیشرفت کرتے ہوئے ٹھوس معلومات اکٹھا کرلی ہیں۔ پولیس کی جانب سے ایک طرف مشتبہ افراد کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں تو دوسری طرف سائبر کرائم پولیس کی مدد سے بیگم بازار پولیس کو بعض ثبوت فراہم کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کمیشن کے کسی اندرونی شخص سے ملی بھگت کے ذریعہ سرور میں لاگ ان ہوکر پرچہ کا افشاء کیا گیا۔ اسی زاویہ سے پولیس نے اپنی تحقیقات میں تیزی پیدا کردی ہے۔ پولیس درمیانی افراد اور بروکرس کے رول کی بھی جانچ کررہی ہے اور اس سلسلہ میں بعض مشتبہ افراد پر نظر رکھی گئی ہے۔ پرچہ جات کے افشاء کے بعد آج منعقد ہونے والے ٹاون پلاننگ سوپر وائزر کے امتحانات اور 15 مارچ کو ہونے والے ویٹرنری اسسٹنٹ سرجن کے امتحانات منسوخ کردیئے گئے۔ ان دونوں پرچہ جات کے افشاء کی اطلاع پر امتحانات کو منسوخ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے مشتبہ شخص پروین کو حراست میں لے کر جانچ شروع کردی ہے اور اس کے پاس سے پیپر خریدنے والے 4 افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چار امیدواروں نے امتحانی پیپر خریدا تھا۔
اس معاملہ میں بعض افراد مفرور بتائے جاتے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ ٹاسک فورس کو گرفتاری کیلئے سرگرم کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پروین پبلک سرویس کمیشن کے سکریٹری کا پرسنل اسسٹنٹ ہے۔ تحقیقات میں اس نے پولیس کو بعض اہم معلومات فراہم کی ہیں۔ تین بروکرس کے ساتھ مل کر پیپر کا افشاء کیا گیا تھا جس کے لئے 10 لاکھ روپئے کی ادائیگی کا معاہدہ کیا گیا۔ر