رقم کی ادائیگی کی آج آخری تاریخ، کھلی غذا ساتھ لے جانے کی ممانعت
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) حج 2023 کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو مزید 134 اضافی نشستوں کی ویٹنگ لسٹ سے منظوری حاصل ہوئی ہے۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد یعقوب شیخ نے ویٹنگ لسٹ کی منظوری سے متعلق 6 ریاستوں کو اطلاع دی ہے۔ تلنگانہ کی ویٹنگ لسٹ591 سے 731 تک منظوری دی گئی جس کے تحت 134 نشستیں شامل ہیں۔ مہاراشٹرا کیلئے 350 ، مدھیہ پردیش 108 ، کرناٹک 31، جموں کشمیر 71 اور گجرات کیلئے 97 نشستوں کی ویٹنگ لسٹ کے تحت منظوری دی گئی۔ تلنگانہ میں 731 تک ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین کو سفری اخراجات کی مکمل رقم کل 20 جون تک ادا کرنی ہوگی۔ مکمل رقم کی ادائیگی کے بعد پاسپورٹ، پے سلپ ، میڈیکل اسکریننگ اینڈ فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات 20 جون کو ریاستی حج کمیٹی میں جمع کرانا ہوگا۔ اسی دوران کونسل جنرل آف انڈیا متعینہ جدہ نے حج کمیٹی آف انڈیا کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ عازمین حج کو اپنے ساتھ غذائی اشیاء لانے سے منع کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکام انفیکشن کے سبب غذائی اشیاء ساتھ لانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ عازمین حج و عمرہ کی جانب سے کھلی غذائی اشیاء لانے کی صورت میں بیاگیج کو کھول کر غذائی اشیاء کو نکال دیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں ہندوستانی عازمین کے کسٹم کلیرنس میں تاخیر ہورہی ہے۔ حج کمیٹی کے عہدیداروں سے خواہش کی گئی کہ وہ عازمین کو اس بات کی اطلاع دیں کہ ہینڈ بیاگ اور چیک اِن بیاگ میں غذائی اشیاء نہ رکھیں۔ غذائی اشیاء کو کیمپ یا سیلڈ کنٹینر میں رکھا جاسکتا ہے جس کی اجازت رہے گی۔ر