حیدرآباد 28 اپریل (یواین آئی) تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس الوک ارادھے نے کہا ہے کہ ریاست کی تمام ضلعی عدالتوں کو جلد ہی ڈیجیٹل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کل شام ہائی کورٹ کے ججس ونود کمار، لکشمن اور وجے سین ریڈی کے ساتھ نلگنڈہ ضلع مستقرمیں نئی تعمیر شدہ عدالت کی عمارت کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ضلع نلگنڈہ عدالتوں کی ڈیجیٹائزیشن میں دوسرے نمبر پر ہے ، مکمل ڈیجیٹائزیشن اور انفراسٹرکچر بننے سے نظام انصاف کو مزید موثر طریقہ سے کام کرنے کا موقع ملے گا، انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹائزیشن کے ساتھ ہر قسم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ نلگنڈہ ضلع کی نئی عدالت کی عمارت میں، خاص طور پر لائبریری اور تفریحی سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر عدلیہ وقتاً فوقتاً آنے والی تبدیلیوں کے مطابق کام کرے تو قوانین کو موثر انداز میں نافذ کیا جا سکتا ہے ۔