ریاض، 6 اکتوبر (یو این آئی) سعودی عرب نے آج کہا کہ ایک روز قبل ملک کے جنوبی حصے میں دو ہوائی اڈوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے حملوں میں تین افراد زخمی ہوئے ، جبکہ حملوں سے ہوائی اڈوں کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے بیان میں کہا کہ جازان میں کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے اور نجران بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تنصیبات کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ اتھارٹی نے کہا کہ ہنگامی امدادی ٹیموں اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر تعینات کیا گیا اور انہوں نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کارروائی کی۔جی اے سی اے کے مطابق حملوں میں تین افراد معمولی زخمی ہوئے ، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ حملوں سے ہوائی اڈوں کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔ہوابازی ادارہ نے کہا کہ وہ سکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر نقصانات کا جائزہ لے رہا ہے اور مسافروں، ہوائی اڈے کے ملازمین اور مملکت کے شہری ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔جی اے سی اے نے حملوں کے ذمہ داروں کی نشاندہی نہیں کی۔تاہم، یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا کہ اس نے سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں میزائلوں اور ڈرونز سے متعدد حملے کیے ۔ گروپ نے کہا کہ اس نے جازان اور نجران میں ‘حساس تنصیبات’ کو نشانہ بنایا۔حوثیوں نے ریاض کے کنگ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے ، ابہا ہوائی اڈے ، رابغ میں آرامکو کی ایک ریفائنری اور کئی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔