تلنگانہ کے دواخانوں میں بستروں کی تفصیلات کا اعلان

   

متعدد دواخانوں میں آئسولیشن اور ونٹیلیٹرس کے ساتھ نشستیں مخلوعہ
حیدرآباد۔ریاست تلنگانہ میں موجود دواخانوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے بستروں کی تفصیلات ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے لگی ہے اور 30 جولائی کو جاری کی جانے والی تفصیلات میں بتایاگیا ہے کہ 29جولائی کی شب تک ریاست تلنگانہ میں ریاستی حکومت کے تحت چلائے جانے والے دواخانو ںمیں جملہ 14ہزار 93بستر موجود ہیں۔حکومت کی جانب سے سرکاری دواخانوں کے بستروں کی تفصیلات جو جاری کی گئی ہیں ان کے مطابق ریاست بھر میں جملہ 11ہزار 928آئسولیشن بستر موجود ہیں جن میں 673بستروں پر مریض ہیں اور 11ہزار255 بستر مخلوعہ ہیں۔آکسیجن بستروں کی جملہ تعداد 3537 ہے جن میں 1250 بستروں پر مریض زیر علاج ہیں اور 2287بستر اب بھی خالی ہیں۔آئی سی یو میں موجود بستروں کی تفصیلات کے سلسلہ میں محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ 1616 بستر موجود ہیں جن میں 265 بستروں پر مریض زیرعلاج ہیں جبکہ 1351بستر مخلوعہ ہیں۔ریاست حکومت کے زیر انتظام بستروں کی تفصیلات محکمہ صحت کی جانب سے بلیٹن میں جاری کی گئی ہیں جس میں بتایا گیا ہے کہ جملہ 17 ہزار 81بستروںمیں14ہزار 93 بسترمخلوعہ ہیں جبکہ 2188 بستروں پر مریض موجود ہیں۔ گذشتہ یوم جاری کئے گئے بلیٹن میں خانگی دواخانوں میں موجود بستروں کی تفصیلات بھی جاری کی گئی تھیں جس میں بتایا گیا تھا کہ ریاست کے سرکاری دواخانو ںمیں 2157 آئسولیشن بستر موجود ہیں جن میں 1277 پر مریض زیر علاج ہیں جبکہ 880مخلوعہ ہیں۔ آکسیجن کی سہولت کے ساتھ موجود بستروں کی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ 1905جملہ بستروں میں 1338 پر مریض زیر علاج ہیںجبکہ 567 بستر مخلوعہ ہیں۔وینٹیلیٹر کی سہولت کے ساتھ آئی سی یو بستروں کی تعداد 951ہے جس میں 654 مریض زیر علاج ہیں اور 297 بستر معہ وینٹیلیٹر اب بھی مخلوعہ ہیں۔خانگی دواخانو ںمیں جملہ بستروں کی تعداد 5013 بتائی گئی ہے جس میں 3269مریض زیر علاج ہیں اور اب بھی 1744 بستر خانگی دواخانوں میں مخلوعہ ہیں۔

ریاست میں سرکاری دواخانوں سے زیادہ مریض خانگی دواخانوں سے رجوع ہورہے ہیں اور عوام میں سرکاری دواخانوں پر اعتماد بحال نہیں ہورہا ہے ۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تمام تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد یہ اعداد و شمار جاری کئے گئے ہیں اور ان اعداد و شمار کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے مریضوں کو شریک دواخانہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔دونوں شہر وں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع بالخصوص شہری اضلاع میں موجود دواخانوں کی تفصیلات بھی ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے حاصل کی جا رہی ہیں اور ان میں موجود بستروں کی تفصیلات کے حصول کے ساتھ موجود سہولتوں کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری احکامات کے بعد سے یہ تفصیلات جاری کی جا رہی ہیں۔