ریونت ریڈی کی مہم کا 20 اپریل سے آغاز
حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) کرناٹک کے اسمبلی انتخابات میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے تلنگانہ کے 5 قائدین کو مختلف علاقوں میں مبصرین کے طور پر مقرر کیا ہے۔ کرناٹک کے کئی اضلاع ایسے ہیں جہاں تلگو بولنے والے رائے دہندے موجود ہیں ان پراثر انداز ہونے کیلئے تلنگانہ کے قائدین کو مبصر کے طور پر ذمہ داری دی گئی۔ اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار، رکن اسمبلی بی سیتکا، نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی، کانگریس کے آدی واسی سیل کے قومی نائب صدر بلیا نائیک اور پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر عبید اللہ کوتوال کو مبصر مقرر کیا گیا۔ اے آئی سی سی نے کرناٹک میں جملہ 71 مبصرین کا تقرر کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ اور بعض دیگر قائدین کانگریس کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کرناٹک میں قیام کریں گے۔ ریونت ریڈی دس دن تک کرناٹک میں انتخابی مہم کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کا 20 اپریل سے آغاز ہوگا۔ اے آئی سی سی کو یقین ہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے قائدین تلگو رائے دہندوں پر بہتر طور پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ر