تلگودیشم پارٹی کی تلنگانہ میں دوبارہ سیاسی سرگرمیاں

   

انڈومان کی سیاست میں حصہ لینے کا منصوبہ، مہاناڈو سے وزیر اے پی نارالوکیش کا خطاب

حیدرآباد۔27۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی تلنگانہ کی سیاست میں دوبارہ سرگرم ہونے کی تیاریاں شروع کرچکی ہے ۔ نارالوکیش نے تلگودیشم پارٹی کے یوم تاسیس پر منعقدہ ’مہاناڈو‘ سے خطاب کے دوران اس بات کا اعلان کیا کہ تلگودیشم پارٹی تلنگانہ میں دوبارہ اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کے علاوہ انڈومان کی سیاست میں بھی حصہ لینے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ لوکیش نائیڈو نے مہاناڈو سے خطاب کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی تلنگانہ میں اپنے سرگرم کارکنوں اور قائدین کی بڑی تعداد موجود ہے جو کہ پارٹی سربراہ و چیف منسٹر تلگو دیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو کے فیصلہ کے منتظر ہیں۔ وزیر آندھراپردیش لوکیش نائیڈو کے اعلان کے ساتھ ہی تلنگانہ میں موجود تلگو دیشم قائدین کے درمیان شہر حیدرآباد و ریاست تلنگانہ میں پارٹی کے مستقبل کے سلسلہ میں قیاس آرائیاں شروع ہوچکی ہیں۔ (سلسلہ صفحہ 5 پر)
اور کہا جار ہاہے کہ تلگو دیشم پارٹی کی تلنگانہ میں دوبارہ سیاسی سرگرمیوں کا آغاز شہری بلدیات کے انتخابات سے ہوسکتا ہے کیونکہ تلنگانہ میں مجوزہ شہری بلدیات کے انتخابات کے سلسلہ میں سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے کسی بھی وقت اعلامیہ کی توقع کی جار ہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے 10مئی کو دورۂ حیدرآباد کے دوران چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈوسے ان کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز حیدرآباد میں ملاقات کے دوران تلگو دیشم اور بی جے پی اتحاد کے ساتھ جی ایچ ایم سی انتخابات پر بھی تبادلہ خیال کیا تھا ۔ مسٹر نارا لوکیش نائیڈو کی مہاناڈو کے دوران کی گئی تقریر میں پارٹی کی سرگرمیوں کو تلنگانہ میں فروغ دینے کے اعلان کے ساتھ کہا جار ہا ہے کہ تلگودیشم پارٹی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ملکاجگری میونسپل کارپوریشن ‘ سائبر آباد میونسپل کارپوریشن کے بلدی انتخابات کے علاوہ دیگر کارپوریشن کے انتخابات میں این ڈی اے کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے حصہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔جی ایچ ایم سی اور دیگر بلدیات کے انتخابات میں تلگو دیشم پارٹی حصہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کرتی ہے تو ایسی صورت میں تلنگانہ میں این ڈی اے میں شامل سیاسی جماعتو ںکو استحکام حاصل ہونے کا خدشہ ہے لیکن تلگودیشم آندھرائی سیاسی جماعت ہونے کے سبب تلنگانہ کے دیہی و مضافاتی علاقوں میں تلگو دیشم پارٹی کو کوئی استحکام حاصل ہونے کا امکان نہیں ہے لیکن شہری علاقوں میں مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی پالیسیوں اور ترقیاتی اقدامات کے نتیجہ میں انہیں آج بھی پسند کیا جاتا ہے کیونکہ وہ اپنے دور کے بہترین انتظامی صلاحیتوں کے حامل سیاسی قائد کی حیثیت سے اپنی منفرد شناخت رکھتے ہیں۔3