نئی دہلی : جموں و کشمیر میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یاتریوں کو لے جانے والی بس کھائی میں گرنے سے 10 افراد ہلاک گئے۔ یہ حادثہ منگل کی صبح پیش آیا۔ حکام کے مطابق پنجاب کے امرتسر سے کچھ یاتری جموں و کشمیر میں ماتا ویشنو دیوی کے درشن پر جانے کے لیے بس کے ذریعہ روانہ ہوئے۔ ویشنو دیوی مندر کے بیس کیمپ کٹرہ کے پاس جموں سری نگر ہائی وے پر جھجر کوٹلی علاقے میں بس بے قابو ہو کر بریج سے کھائی میں گر پڑی۔ یہ حادثہ کٹرہ بیس کیمپ سے 15 کلومیٹر دور اس وقت پیش آیا جب تھوڑی ہی دیر میں یاتری منزل پر پہنچنے والے تھے بس حادثہ کی اطلاع مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو دی۔ انہوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثہ کے وقت بس میں تقریباً 75 افراد سوار تھے۔ ان میں سے 10 کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 55 دیگر زخمی ہو گئے۔ جموں کے ایس ایس پی چندن کوہلی نے کہا کہ سبھی کو بس سے نکال لیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حادثہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔