لکھنؤ، 21 نومبر (یو این آئی) اتر پردیش کانگریس 26 نومبر کو لکھنؤ میں یومِ آئین کے موقع پر آئین کے تحفظ کیلئے یاترا نکالے گی۔اس کے ذریعے آئین، جمہوریت اور ووٹ کے تحفظ کا عزم کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں پریاگ راج کے رکن پارلیمنٹ اُجول رمن سنگھ اور درج فہرست ذاتوں کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ تنوج پونیا نے یہ اطلاع دی۔ اُجول رمن سنگھ نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت الیکشن کمیشن کو کنٹرول میں لینے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مارچ 2023 میں الیکشن کمشنروں کی تقرری کیلئے وزیر اعظم، اپوزیشن لیڈر اور چیف جسٹس پر مشتمل کمیٹی کی تجویز دی تھی، لیکن مرکزنے قانون بنا کر چیف جسٹس کو کمیٹی سے ہٹا دیا ۔ انہوں نے ایس آئی آر کے تحت ووٹروں کے نام کاٹے جانے پر دعویٰ کیا کہ ملک بھر میں اس کے 3 مراحل کے دوران 13 کروڑ 39 لاکھ نام فہرست سے ہٹائے گئے ۔