جوہانسبرگ ۔ 27 ستمبر (ایجنسیز) جنوبی افریقہ کے صوبہ گاؤتینگ میں فائرنگ کے ایک ہولناک واقعہ میں 17 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے جبکہ ایک الگ واقعہ میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔واقعہ جوہانسبرگ کے جنوب مغرب میں واقع ویدیلا ٹاؤن شپ میں ہفتہ کی رات پیش آیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 8 بتائی گئی ہے اور وہ AK-47رائفلوں اور پستولوں سے مسلح تھے۔ مسلح افراد نے پہلے ٹورن کے باہر موجود افراد پر فائرنگ کی اور پھر اندر داخل ہوکر بھی گولیاں چلائیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 13 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے 15 افراد کو طبی مراکز منتقل کیا گیا۔ حملہ آور مبینہ طور پر بعض متاثرین کے موبائل فون لیکر دو گاڑیوں میں فرار ہوگئے، جبکہ دو دیگر گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔ ایک الگ واقعہ میں، مغربی کیپ صوبہ میں 10 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب بندوق بردار ایک تفریحی مقام میں داخل ہوئے اور فائرنگ کی۔