جگن موہن ریڈی کی امیت شاہ سے دہلی میں ملاقات

,

   

آندھراپردیش کو خصوصی موقف اور زیر تصفیہ مسائل پر تبادلہ خیال
نئی دہلی /14 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) آندھراپردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے جمعہ کو نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کے بحیثیت وزیر داخلہ عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کی خیر سگالی ملاقات تھی ۔ جس میں آندھراپردیش کو خصوصی موقف دینے سے متعلق دیرینہ زیر تصفیہ مطالبہ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ باور کیا جاتا ہے کہ آندھراپردیش کی تقسیم اور 2014 تنظیم جدید قانون کے تحت زیر تصفیہ مسائل پر بھی گفت و شنید کی گئی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ایک لیڈر نے اشارہ دیا کہ بی جے پی نے لوک سبھا میں ان کی پارٹی ( وائی ایس آر کانگریس ) کو ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ دینے کی پیشکش بھی کی ہے ۔ اس مسئلہ پر بھی امیت شاہ کے ساتھ بات چیت کی گئی ۔ وزارت داخلہ کے دفتر نارتھ بلاک میں دونوں قائدین کے درمیان تقریباً آدھے گھنٹے تک مختلف امور و مسائل پر بات چیت کا سلسلہ جاری رہا ۔