نئی دہلی : دہلی کی ایک عدالت نے دہلی فسادات کے ملزم اور یونائیٹڈ اگینسٹ ہیٹ کے بانی خالد سیفی کی میڈیکل رپورٹ طلب کی ہے۔ خالد نے درخواست دائر کی کہ وہ تیز بخار، ہائی شوگر اور اسہال میں مبتلا ہیںجس پر عدالت نے جیل حکام کو 27 جولائی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔دہلی فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار خالد، منڈولی جیل میں مقید ہیں۔ ان کی اہلیہ نرگس نے جیل انتظامیہ پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ نرگس نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے منڈولی جیل انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر کو صحیح طریقے سے علاج نہیں مل پا رہا ہے۔ خالد کی اہلیہ نے روتے ہوئے بتایا کہ میرے شوہر کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ انہیں طبی امداد نہیں دی جا رہی ہے، ان کا شوگر کا لیول کافی بڑھا ہوا ہے لیکن انہیں مناسب علاج مہیا نہیں کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تمام ذی اثر اصحاب سے ضروری قانونی مدد کی اپیل کی ہے۔