جی پرساد کمار تلنگانہ اسمبلی کے تیسرے اسپیکر

   

آج ایوان اسمبلی میں رسمی اعلان، بی آر ایس ، مجلس اور سی پی آئی کی تائید

حیدرآباد۔/13 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے تیسرے اسپیکر کے طور پر کانگریس کے جی پرساد کمار کا انتخاب یقینی ہے اور کل 14 ڈسمبر کو قانون ساز اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کا رسمی طور پر اعلان کیا جائے گا۔ کانگریس ہائی کمان نے وقارآباد کے رکن اسمبلی گڈم پرساد کمار کو اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کے موقع پر آج جی پرساد کمار کا پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا اور بی آر ایس، مجلس اور سی پی آئی نے امیدواری کی تائید کی۔ بی آر ایس کی جانب سے اسپیکر کے عہدہ کیلئے امیدوار کھڑا کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے کیونکہ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے اسمبلی پہنچ کر پرساد کمار کے پرچہ نامزدگی پر دستخط کئے۔ اس طرح قانون ساز اسمبلی کے تیسرے اسپیکر کے طور پر پرساد کمار کا انتخاب محض رسمی کارروائی رہ چکی ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ، مجلسی ارکان اسمبلی میر ذوالفقار علی، ماجد حسین، سی پی آئی رکن اسمبلی سامبا سیوا راؤ، ریاستی وزراء سریدھر بابو، دامودھر راج نرسمہا، ٹی ناگیشور راؤ، سابق وزیر محمد علی شبیر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ پرساد کمار کا واحد پرچہ نامزدگی داخل کیا گیا اور عبوری اسپیکر اکبر اویسی کل ایوان اسمبلی میں پرساد راؤ کے انتخاب کا اعلان کریں گے۔ تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس کے 64 اور بی آر ایس کے 39 ارکان ہیں۔ مجلس 7 اور سی پی آئی کا ایک رکن موجود ہے۔ بی جے پی کو 8 اسمبلی نشستوں پر کامیابی ملی جبکہ اسمبلی میں ان کی تعداد 3 تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے احاطہ اسمبلی میں اپوزیشن قائدین سے ملاقات کی اور اسپیکر کے پرچہ نامزدگی پر دستخط حاصل کئے گئے۔ سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو کو پرچہ نامزدگی پیش کیا گیا۔