تلنگانہ ہائیکورٹ کے احکامات ، پولیس اور جی ایچ ایم سی کا انتباہ
حیدرآباد : /17 ستمبر (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گنیش وسرجن کے حوالے سے جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد سٹی پولیس نے مشترکہ طور پر ایک اہم اور بڑا اعلان کیا ہے ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ کے سخت احکامات کی روشنی میں حکام نے واضح کردیا ہے کہ حسین ساگر (ٹینک بنڈ) پر اس سال کسی بھی قسم کی گنیش مورتیوں کے وسرجن کی اجازت نہیں ہوگی ۔ اس فیصلے سے متعلق آگاہی اور خبرداری کیلئے ٹینک بنڈ کے اطراف اور شہر کے مختلف حساس علاقوں میں انتباہی فلیکسی اور بورڈس نصب کئے گئے ہیں ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے حسین ساگر جھیل کو شدید آلودگی سے بچانے اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ٹینک بنڈ پر پلاسٹر آف پیرس (POP) اور کیمیکل والی مورتیوں کے وسرجن پر مکمل روک لگانے کا حکم دیا تھا ۔ جی ایچ ایم سی کے کمشنر اور حیدرآباد کے پولیس کمشنر نے تمام گنیش اتسو کمیٹیوں ، منڈپ منتظمین اور بھکتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عدالت کے احکامات کا احترام کرتے ہوئے تعاون کریں ۔ جی ایچ ایم سی نے شہر کے تمام حلقوں اور تالابوں کے قریب خصوصی طور پر بے بی پاؤنڈس اور مصنوعی وسرجن پولس قائم کئے ہیں ۔ حیدرآباد سٹی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی نے ٹینک بنڈ کی طرف مورتیوں کو لے جانے یا قواعد کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کی تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ انتظامیہ نے پرامن اور خوشگوار ماحول میں تہوار منانے کی ہدایت دی ہے ۔ 2