حضور اکرم ؐ کی شان میں گستاخی پر جعفر پاشاہ کی قیادت میںاحتجاج

   

جامع مسجد دارالشفاء کے پاس مظاہرہ ۔ گستاخوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) اسلام کے خلاف گمراہ کن پروپگنڈہ اور پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺکی شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شہریان نے جامع مسجد دارالشفاء کے پاس آج بعد نماز عشاء ایک زبردست احتجاج منظم کیا۔ احتجاج میں نوجوانوں نے گستاخ نوپور شرما، نوین جندال، یتی نرسنگ آنند، راجہ سنگھ اور دیگر کے خلاف سخت کارروائی اور انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بیانرس تھامے نوجوانوں نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف نعرہ بازی کی اور حکومت سے موثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج میں مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے احتجاجیوں کی قیادت کی اور اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آئے دن اسلام اور پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی کی جارہی ہے جو مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش اور گستاخی کرنے والوں کی سرپرستی کی ذمہ دار مرکزی حکومت ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی شان میں گستاخی کرنے والے بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے تاکہ ایسی گستاخی دوبارہ نہ ہو۔ مولاناحسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے مرکزی حکومت سے کہا کہ گستاخی کرنے والوں کو صرف پارٹی سے معطل کرنا کافی نہیں بلکہ ان کے خلاف سخت کارروائی کرکے گرفتار کیا جائے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے انتباہ دیا کہ اگر حکومت گستاخوں کے خلاف موثر کارروائی نہیں کریگی تو حیدرآباد کے عوام مسلسل اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ب