رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی 7 ڈسمبر کو حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر بعض اہم انتخابی وعدوں پر عمل آوری کا اعلان کریں گے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے ایک سال کی تکمیل پر ضعیفوں ، بیواؤں اور معذورین کے پنشن کی رقم میں اضافہ اور کسانوں کیلئے رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں اور ریاستی وزراء کے ساتھ مشاورت کی گئی جس میں ریاست کی موجودہ معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کانگریس پارٹی نے برسر اقتدار آنے پر آسرا پنشن کی رقم میں اضافہ اور کسانوں کو رعیتو بھروسہ کے تحت سالانہ امداد کا تیقن دیا تھا۔ کمزور معاشی موقف کے نتیجہ میں کئی وعدوں پر عمل آوری کا آغاز نہیں ہوا۔ اب جبکہ حکومت 7 ڈسمبر کو ایک سال مکمل کرلے گی ، لہذا عوام کیلئے چیف منسٹر دو اہم اعلانات کرسکتے ہیں۔ پنشن کی رقم میں اضافہ سے غریب خاندانوں کو فائدہ ہوگا جبکہ رعیتو بھروسہ اسکیم کے تحت کسانوں کی تائید اور ہمدردی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ حکومت نے دو لاکھ روپئے تک قرض معافی اسکیم کے تحت کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں 18000 کروڑ جاری کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسمبلی اجلاس میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی رپورٹ پیش کی جائے گی ۔ مردم شماری کے علاوہ بی سی طبقات کے تحفظات کے تعین کیلئے قائم کردہ خصوصی کمیشن بھی اپنی رپورٹ پیش کردے گا۔ مجالس مقامی میں بی سی طبقات کے تحفظات کے تعین میں مردم شماری اور بی سی کمیشن کی رپورٹ معاون ثابت ہوگی۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی وزراء نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر غریبوں سے متعلق بعض اہم وعدوں کی تکمیل کی جائے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ریاست کی مجموعی آمدنی اور خرچ کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں کے مطابق بی آر ایس کے 10 سالہ دورحکومت میں جو قرض حاصل کیا گیا تھا، اس کے سود کے طور پر ہر ماہ 6000 کروڑ ادا کئے جارہے ہیں۔ 1