حیدرآبادانسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس میں داخلہ کیلئے سیٹ کا اعلان

   

ادخال درخواست کی آخری تاریخ 15 جنوری مقرر
حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیاریٹبل ٹرسٹ کی زیر نگرانی چلائے جانے والے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلینس ( ایچ آئی سی ) میں داخلوں کیلئے آن لائن ایچ ای سیٹ2024 کے امتحانات کی تفصیلات کی اجرائی عمل میں آئی۔ ایچ زیڈ سی ٹی کے اتحاد سنٹر میں منعقدہ اس پروگرام میں ریٹائرڈ آئی پی ایس ایس اے ہدیٰ ، ماہر معاشیات عامر اللہ خان ، منصور بابو خان، محمد علیم خان، محمد علی الدین حیدر، جاوید ھود اور پرنسپل ایچ آئی سی پروفیسر کملاکر کے علاوہ صدر تعمیر ملت ضیاء الدین نیر اور شہر کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ ایچ آئی سی ایک ایسا تعلیمی کیمپس ہے جہاں پر معاشی طور سے پسماندگی کا شکار اسٹوڈنٹس ( لڑکوں ) کے لئے مفت تعلیم کا انتظام ہے اور اسٹوڈنٹس کے لئے اسپورٹس کے ساتھ ساتھ دیگر تعلیمی سرگرمیوں پر مشتمل سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور مفت رہائش اور طعام کا بھی انتظام ہے۔ ایچ آئی سی کی جانب سے نہ صرف انٹر میڈیٹ بلکہ جے ای ای مینس، این ای آئی ٹی، ایمسٹ برائے آئی آئی ٹی، این آئی ٹی اور ایم بی بی ایس اور ایم ای سی کے ساتھ سی اے ، سی پی ٹی، لاء سیٹ، سی ایل اے ٹی اور ماس کمیونیکیشن اور این ڈی اے کی مفت ٹریننگ دی جاتی ہے۔ پچھلے نو سالوں میں ایچ آئی سی میں تعلیم حاصل کرنے والے بے شمار اسٹوڈنٹس کو میڈیکل، انجینئرنگ، ڈینٹل، فارما ڈی، اگریکلچر، چارٹرڈ اکاؤنٹنسی اور کامرس کے شعبہ میں بڑی یونیورسٹیوں، کالجوں میں داخلے ملے ہیں۔ ایچ آئی سی 150 انتہائی ضرورت مند اسٹوڈٹس کو اسکالر شپس بھی فراہم کرتا ہے۔ اس کے لئے 9.3 جی پی اے دسویں جماعت میں لازمی ہے اور ایچ آئی ای سیٹ 2024 میں میرٹ کی بنیاد پر کامیابی حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس کا معاشی پسماندگی کی بنیاد پر انٹرویو کے ذریعہ انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ ایچ آئی سی میں داخلہ کے لئے ایچ ای سیٹ 2024 امتحان میں کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ ایچ ای سیٹ 2024 کی لانچنگ کے موقع پر منتظمین نے ایک ویب سائیٹ بھی جاری کی ہے جس پر لاگ ان کے ذریعہ مذکورہ امتحان میں حصہ لیا جاسکتا ہے۔ ویب سائیٹ http://hieset.in پر خواہشمند اسٹوڈنٹس اپنی تفصیلات رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔ ایچ ای سیٹ 2024 امتحانات کیلئے 15 ڈسمبر تا 15 جنوری مذکورہ بالا ویب سائیٹ کے ذریعہ رجوع ہوسکتے ہیں۔ قابل اور ہونہار اسٹوڈنٹس سے ایچ آئی سی انتظامیہ نے درخواست کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور اس سنہری موقع سے استفادہ کریں۔