حیدرآبادی طالب علم شکاگو میں تناؤ کا شکار ‘ہاسپٹل میں زیر علاج

   

حیدرآباد/9 جنوری، ( سیاست نیوز) امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے جانے والا حیدرآباد کا ایک طالب علم ذہنی تناؤ کے نتیجہ میں شکاگو کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآبادی طالب علم کے بہتر علاج اور وطن واپسی کے انتظامات کیلئے افراد خاندان نے وزیر خارجہ ایس جئے شنکر کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ منی کنڈہ علاقہ سے تعلق رکھنے والا طالب علم شیخ اگسٹ 2023 کو ماسٹرس کی تکمیل کیلئے امریکہ روانہ ہوا۔ ابتداء میں اس نے فون پر افراد خاندان کے ساتھ ذہنی تناؤ میں بات چیت کی اور رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے خودکشی کا اشارہ دیا۔ افراد خاندان کو اس بات کی اطلاع ملی کہ کالج کے باہر طالب علم کی کار ہے اور اسے شکاگو کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ افراد خاندان نے وزارت خارجہ سے درخواست کی ہے کہ شکاگو میں ہندوستانی کونسل جنرل کو ہاسپٹل پہنچ کر طبی امداد کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی جائے۔ افراد خاندان حیدرآباد واپسی کیلئے حکومت سے اقدامات کی اپیل کررہے ہیں۔ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کیلئے جانے والے کئی طلبہ کے ساتھ ذہنی تناؤ کے معاملات پیش آرہے ہیں۔ گذشتہ سال جولائی میں شاداں کالج آف انجینئرنگ کی سابق اسسٹنٹ پروفیسر سیدہ لولو منہاج کو شکاگو کی سڑکوں پر ذہنی تناؤ کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ وہ دو سال قبل ماسٹرس کی تکمیل کیلئے امریکہ گئی تھیں۔1