حیدرآبادی نوجوان فون کے بکثرت استعمال سے نفسیاتی دباؤ کا شکار : اسٹڈی

   

حیدرآباد ۔ 18 جون (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے تقریباً نصف نوجوان سیل فون کے مسلسل استعمال اور فون میں ان کے انہماک کے باعث نفسیاتی دباؤ کا شکار ہورہے ہیں اور اس طرح وہ دوسروں کا خیال کئے بغیر پوری طرح ان کے فون پر توجہ دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر بالادھرانی ٹیکم اور ہرشال پانڈوے کی جانب سے آئی سی ایم آر کی اسپانسرڈ شہر میں 2018ء میں کی گئی اسٹڈی میں یہ بات معلوم ہوئی۔ اس میں انجینئرنگ، میڈیسن اور آرٹس اسٹریمس کے 430 طلبہ اور بعض یونانی کالج کے طلبہ سے بھی اس سلسلہ میں سوالات کئے گئے۔ ’حیدرآباد کے نوجوان میں پھبنگ کے نفسیاتی اثرات‘ کے ٹائیٹل کی اس اسٹڈی میں کہا گیا کہ پھبنگ (فون کے استعمال پر پوری توجہ دینا) حیدرآباد کے لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں بہت زیادہ پائی جاتی ہے اور اس سے ان کی زندگیوں پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں اور ان کے دوستوں اور فیملی کے ساتھ ان کے تعلقات بھی متاثر ہورہے ہیں۔