چار ہزار سے زائد مزید تقررات کا منصوبہ‘ 1.2 لاکھ افراد کو آرٹیفیشل انٹلیجنس میں ٹریننگ کیلئے خصوصی اکیڈیمی کا قیام
حیدرآباد13 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو کے ہمراہ حیدرآباد میں مائیکرو سافٹ کے نئے کیمپس کا افتتاح انجام دیا۔ حیدرآباد میں مائیکرو سافٹ کی خدمات کے 25 سال کی تکمیل کے موقع پر نئے کیمپس کی تعمیر عمل میں آئی ہے۔ گچی باؤلی میں 1.5 ملین مربع فٹ اراضی پر کیمپس تعمیر کیا گیا اور اس میں 2500 زائد ملازمین کی گنجائش رہے گی۔ مائیکرو سافٹ ہیڈکوارٹر کے بعد یہ دوسرا بڑا کیمپس ہے اور حیدرآباد میں اس کے قیام سے گلوبل آئی ٹی پاور ہاؤز کی حیثیت سے شناخت رکھتا ہے۔ ہندوستان میں مائیکرو سافٹ کے ملازمین کی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہے اور ان میں 50 فیصد سے زائد حیدرآباد میں برسر خدمت ہیں۔ نئے کیمپس کے ذریعہ مائیکرو سافٹ مزید 4800 ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ مائیکرو سافٹ نے تلنگانہ میں 1.2 لاکھ امیدواروں کو اڈوانٹیج تلنگانہ پروگرام کے تحت آرٹیفیشل انٹلیجنس کے شعبہ میں ٹریننگ کا منصوبہ رکھتا ہے۔ کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ریونت ریڈی نے حیدرآباد میں نئی سہولتوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ اور حیدرآباد کے درمیان دیرینہ شراکت ہے۔ مائیکرو سافٹ کے ہندوستان میں 25 سال کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرکے چیف منسٹر نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کی توسیع سے نوجوانوں کو مزید ملازمتیں حاصل ہوں گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کے ذریعہ نوجوانوں کو مزید بااختیار بنایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے آرٹیفیشل انٹلیجنس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل آرٹیفیشل انٹلیجنس کا ہے ۔ مائیکرو سافٹ اور تلنگانہ حکومت آرٹیفیشل انٹلیجنس فاؤنڈیشن اکیڈیمی قائم کریں گے جو تلنگانہ انڈوانٹیج کا حصہ رہے گا۔ شراکت داری کے ساتھ تلنگانہ حکومت اور مائیکرو سافٹ 500 سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم متعارف کریں گے اور حکمرانی اور عوامی خدمات کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سرمایہ کاری سے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے حکومت کے تعاون سے مائیکرو سافٹ کے مصنوعی ذہانت سنٹر کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ مرکز اے آئی انفراسٹرکچر تیار کرے گا جس میں نالج ہب شامل ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کا انتخاب کرنے پر مائیکرو سافٹ کی قیادت سے اظہار تشکر کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ کی توسیع تلنگانہ رائزنگ ویژن میں اہم رول ادا کرے گی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے 15 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری سے عالمی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی ترقی کیلئے کئی پراجکٹس کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ میٹرو ریل پراجکٹ میں توسیع ، ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر ، فیوچر سٹی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس سٹی کے قیام کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو انفراسٹرکچر ٹریننگ کیلئے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی قائم کی جارہی ہے۔ سریدھر بابو نے حکومت کے منصوبوں میں مائیکرو سافٹ کے تعاون پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ 15 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری سے جدید ترین آرٹیفیشل انٹلیجنس ڈیٹا سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔1