سی آئی آئی کا سمینار، اتم کمار ریڈی اور امریکی کونسل جنرل جنیفر لارسن کا خطاب
حیدرآباد ۔21۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی و سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرے گی جس کے ذریعہ تلنگانہ میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے حیدرآباد میں کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز (CII) اور امریکن تلگو اسوسی ایشن کی جانب سے امریکہ اور تلنگانہ کے درمیان تجارت کے فروغ کے موضوع پر منعقدہ سمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت معاشی ترقی کے لئے جامع منصوبہ رکھتی ہے جس کے تحت صنعتوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 2004-14 کے درمیان کانگریس حکومت نے حیدرآباد میں عالمی سطح کے اداروں کے قیام اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم رول ادا کیا۔ دنیا بھر سے حیدرآباد میں سرمایہ کاری کی گئی۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ، 160 کیلو میٹر طویل آؤٹر رنگ روڈ ، پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے اور دیگر پراجکٹس کانگریس دور حکومت کے ہیں۔ حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کا آغاز کانگریس دور حکومت میں ہوا۔ اتم کمار ریڈی نے امید ظاہر کی کہ موجودہ کانگریس حکومت حیدرآباد اور تلنگانہ کو عالمی سطح پر ترقی دینے کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے صنعتوںکے قیام اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی کے بارے میں حکومت کے منصوبہ کی وضاحت کی ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ دیگر شہری علاقوں میں صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد عالمی سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے اور سرمایہ کاری کیلئے ریاست کا ماحول سازگار ہے ۔ قومی اور بین الاقوامی ادارے سرمایہ کاری کیلئے حیدرآباد کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کو کئی رعایتیں اور مراعات دی جائیں گی۔ سمینار سے کونسل جنرل امریکہ برائے حیدرآباد جنیفر لارسن ، سی آئی آئی تلنگانہ کے صدرنشین شیکھر ریڈی اور تلگو اسوسی ایشن کے صدر سی جینت اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر