جاریہ سال 100 کیپبلیٹی سنٹرس ، ممبئی میں ناسکام سمٹ 2026 سے خطاب
حیدرآباد ۔7۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ آئندہ 10 برسوں میں حیدرآباد کو عالمی ترقی یافتہ شہر کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ سریدھر بابو نے ممبئی میں ناسکام جی سی سی سمٹ 2026 سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے حیدرآباد کو بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری اور بہتر انفراسٹرکچر کے ذریعہ عالمی شہر کے طورپر ترقی دینے کا جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ رائیزنگ ویژن 2047 کے ذریعہ ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار میں تلنگانہ کی حصہ داری 10 فیصد ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی شہر منصوبہ بندی کی کمی کے نتیجہ میں شہری علاقوں میں مسائل سے دوچار ہیں۔ حیدرآباد کو اس طرح کے مسائل سے پاک کرنے کیلئے طویل مدتی منصوبہ بندی کی گئی اور انفراسٹرکچر سہولتوں میں توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھارت فیوچر سٹی ، آرٹیفشل انٹلیجنس سٹی ، میٹرو ریل توسیعی منصوبہ ، نئے ایرپورٹس کی تعمیر ، ریجنل رنگ روڈ ، موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ اور ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی پراجکٹس کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد تیزی سے گلوبل کیپبلٹی سنٹر میں تبدیل ہورہا ہے جہاں ٹکنالوجی ، بینکنگ ، لائیف سائنسیس ، سیمی کنڈکٹر ، ڈیفنس اور اسپیس ٹکنالوجی میں بھاری سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں حیدرآباد میں 70 گلوبل کیبپلیٹی سنٹرس قائم کئے گئے۔ حکومت جاریہ سال مزید 100 سنٹرس کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے صنعت کاروں پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرکے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ میں حصہ ادا کریں۔1/k