شراب اسکام کے حقائق آج جاری کئے جائیں گے، اراضی اسکام سے کے سی آر خاندان کو ایک لاکھ کروڑ کا فائدہ
حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کے سی آر حکومت کے ایک اور اراضی اسکام کو بے نقاب کیا ہے۔ خانم میٹ میں سروے نمبر 41/14 کے تحت 8 ایکر اراضی کے سی آر خاندان کی جانب سے ہڑپ کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک خانگی کمپنی سے ہیلت سنٹر کے قیام کیلئے 2010 میں درخواست حاصل کی گئی۔ اس وقت کی کانگریس حکومت نے 5 ایکر اراضی کمپنی کو 50 کروڑ روپئے میں منظور کی۔ ماروتی سوزوکی کمپنی کو 2 ایکر اراضی الاٹ کی گئی۔ خانگی کمپنی اراضی کی مالیت کے مسئلہ پر ہائی کورٹ سے رجوع ہوئی۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ ایچ ایم ڈی اے نے 10 کروڑ کے بجائے 12 کروڑ فی ایکر اراضی کی قیمت ادا کرنے کیلئے نوٹس جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ عدالت میں مقدمہ کے دوران علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی اور 5 ایکراراضی پر کے سی آر خاندان کی نظر پڑی۔ خانگی کمپنی کو دھمکاکر کے سی آر خاندان نے اراضی پر قبضہ کرلیا۔ کلوا کنٹلہ جگناتھ راؤ، رویندر راؤ اور دیویندر راؤنے2016 میں کمپنی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ 2018 میں جان بوجھ کر ہائی کورٹ میں مقدمہ ترک کردیا گیا۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اگر حکومت کو اراضی کے تحفظ سے دلچسپی ہوتی تو وہ سپریم کورٹ میں رجوع ہوسکتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ اراضی کے معاملات میں کے سی آر خاندان نے ایک لاکھ کروڑ کی آمدنی حاصل کی ہے۔ غیر قانونی آمدنی کے ذریعہ کے سی آر قومی سیاست میں حصہ لینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر خود کو جہد کار کہتے ہیں لیکن ان کے پاس ہزاروں ایکر اراضی کہاں سے آئی۔ فارم ہاوز کس طرح تیار کیا گیا۔ غریب عوام کو تقسیم کی جانے والی اراضی کو کے سی آر خاندان نے ہڑپ کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کل شراب اسکام میں کے سی آر خاندان کے رول کی تفصیلات بے نقاب کریگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر خاندان کے خلاف انکشافات پر حکومت کو جواب دینا چاہیئے۔ انہوں نے اس مسئلہ پر کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شراب اسکام میں ملوث افراد کو خانم میٹ میں 25 ایکر اراضی الاٹ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز چیک پوسٹ اور ناگرجنا سرکل پر عمارات کی تعمیر کیلئے اجازت کے بارے میں حکومت کو وضاحت کرنی چاہیئے۔ جوبلی ہلز کے بی آر پارک کے قریب نمستے تلنگانہ کو 3 ایکر اراضی الاٹ کی گئی۔ر