25 نومبر تک جوں کا توں موقف برقرار رکھنے بمبئی ہائیکورٹ کا حکم
ممبئی، 19 نومبر (یو این آئی) بمبئی ہائی کورٹ نے جمعرات کو ممبئی کے بھنڈی بازار میں واقع 162 سالہ قدیم حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ کی انہدامی کارروائی پر عبوری روک لگاتے ہوئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کو 25 نومبر تک عمارت کی موجودہ حالت برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔ مذکورہ عمارت کا نام مفرور انڈر ورلڈ سرغنہ داؤد ابراہیم سے منسوب کیا جاتا ہے ۔چیف جسٹس ایم سی ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا پر مشتمل ڈویژن بنچ نے یہ حکم اس وقت صادر کیا جب بی ایم سی نے عدالت کو مطلع کیا کہ متنازعہ عمارت میں انہدامی کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے ۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری انتظامیہ نے اچانک انہدام کا نوٹس جاری کرکے کارروائی شروع کردی، جبکہ انہیں اپنا موقف پیش کرنے یا فیصلے کو قانونی طور پر چیلنج کرنے مہلت فراہم نہیں کی گئی۔اس اعتراض کی مخالفت کرکے بی ایم سی نے عدالت کو بتایا کہ کارروائی اچانک شروع نہیں کی گئی بلکہ عمارت کے تعلق سے پہلا نوٹس 2018 میں جاری کیا گیا تھا ۔ عدالت نے اس موقع پر جائیداد کی ملکیت اور اس کے وقف بورڈ کے تحت ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں بھی سوالات اٹھائے ۔ چنانچہ عمارت کی ملکیت اور اس کی قانونی حیثیت اس تنازعہ کے اہم نکات بن کر سامنے آئے ۔درخواست گزاروں نے عدالت کی توجہ مبذول کرائی کہ معاملے کی سماعت کووڈ-19 وبا کے دوران ممبئی ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بنچ پہلے بھی کرچکی ہے ۔سماعت کے دوران بی ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جمعرات کی صبح عمارت میں انہدامی کارروائی شروع کردی گئی تھی۔ اس پر انہوں نے بنچ کو یقین دہانی کرائی کہ بلدی عملے کو نصف گھنٹے میں جائے وقوعہ سے ہٹا لیا جائے گا۔ہائی کورٹ نے درخواست گزاروں کو ہدایت دی کہ وہ مہاراشٹر حکومت کو بھی مقدمہ میں فریق بنائیں اور معاملے کی آئندہ سماعت کیلئے 25 نومبر کی تاریخ مقرر کردی ۔