حیدرآباد۔9۔اپریل(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں گذشتہ دنوں غیر موسمی بارش کے سبب اچانک موسمی تبدیلی سے شہریوں کو زبردست راحت ملی تھی لیکن آئندہ ہفتہ شہر میں موسم گرما کا شدت کے ساتھ احساس ہوسکتا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ درجہ حرارت میں 8تا10 ڈگری کا اضافہ ریکارڈ کیا جائیگا اور شہر کے بیشتر علاقوں میں آئندہ ہفتہ درجہ حرارت مجموعی طور پر 36ڈگری سیلسیس تک پہنچ جائے گا۔حیدرآباد میں درجہ حرارت میں اضافہ کے بعد شہر میں گذشتہ ہفتہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے تجاوز کرچکا تھا لیکن اچانک غیر موسمی بارش کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو کافی راحت حاصل ہوئی تھی لیکن اب محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق 10 اپریل کے بعد سے تلنگانہ کے بیشتر اضلاع و دونوں شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا اور جاریہ ہفتہ موسم خشک ہوگا۔ خانگی موسمی ماہرین کی پیش قیاسی میں کہا گیا کہ آئندہ ہفتہ مجموعی طور پر خشک ہوگا جس کے سبب شہر حیدرآباد و دیگر اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا۔خانگی ماہرین موسمیات نے دعویٰ کیا کہ مجموعی اعتبار سے موسم خشک ہوگا لیکن ماقبل مانسون ہلکی بارشیں 11 اپریل کے بعد سے ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے اور یہ سلسلہ جاریہ ہفتہ کے دوران جاری رہ سکتا ہے ۔م