بارش سے متاثرہ دھان بھی خریدی جائے گی، باریک چاول پر 500 روپئے بونس
حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے بی آر ایس پر دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کسانوں کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس حکومت کسانوں سے وعدہ کے مطابق دھان کی خریدی کرے گی۔ گاندھی بھون پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ حالیہ بارش کے نتیجہ میں متاثرہ دھان بھی حکومت کی جانب سے خریدی جائے گی۔ انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ دھان کی خریدی کے معاملہ میں پریشان نہ ہوں۔ بی آر ایس قائدین کو عادت ہوچکی ہے کہ کسانوں کو الجھن میں مبتلاء کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 15 دن قبل ہی دھان کی خریدی کا آغاز کردیا ہے اور گذشتہ کے مقابلہ 7215 اضافی خریدی مراکز قائم کئے گئے۔ انہوں نے بھروسہ دلایا کہ آخری دھان کے تھیلے تک حکومت خریداری جاری رکھے گی۔ دھان پر فی کنٹل 500 روپئے بونس کی ادائیگی پر وضاحت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت نے باریک چاول پر بونس کی ادائیگی کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے کسانوں کو دھان کی پیداوار نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے اسے خودکشی سے تعبیر کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے دھان کی خریدی کی رقم کسانوں کے اکاؤنٹس میں جمع کردی ہے اور آئندہ تین دنوں میں مزید رقم جمع کی جائے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے زرعی شعبہ کو نظرانداز کردیا تھا جبکہ کانگریس حکومت 500 روپئے بونس کی ادائیگی کا آغاز کرچکی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کو مشورہ دیا کہ وہ کسانوں کو گمراہ کرتے ہوئے ان کے نقصان کا باعث نہ بنیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں کو اپوزیشن کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہیں ہونا چاہیئے۔1