نئی دہلی: شمالی ہندوستان میں کڑاکے کی سردی شروع ہو چکی ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور یہی وجہ ہے کہ میدانی علاقوں میں سرد لہر چل رہی ہے۔ میڈیا کے مطابق دہلی کے لوگوں کیلئے گزشتہ رات بہت سرد رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی رات دہلی کا درجہ حرارت شملہ سے بھی نیچے چلا گیا تھا۔دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سیلسیس رہا، جو معمول سے 2 ڈگری کم ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25 ڈگری رہا۔ دوسری طرف ممبئی میں درجہ حرارت بڑھ رہا ہے۔ ہفتہ کو لگاتار دوسرے دن ممبئی میں ملک میں دن کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جس سے عوام پریشان ہیں۔
آئی ایم ڈی کی سانتا کروز آبزرویٹری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارست 35.9 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔دن کا درجہ حرارت 3 دنوں سے بڑھ رہا ہے، جس سے ممبئی والوں کے لیے گرمی اور بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو جمعہ کو بڑھ کر 35.6 ڈگری تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ ہوا کے رخ کو قرار دیا ہے۔