دہلی نظام الدین مرکز کے سبب شہر میں کوروناکے واقعات میں اضافہ: مرکزی مملکتی وزیر کشن ریڈی

,

   

حیدرآباد: حیدرآباد کے علاوہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 60 فیصد کیسیس، دہلی کے نظام الدین مرکز کی سبب واقع ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے کیا۔ وہ آج شہر میں واقع بی جے پی کے دفتر میں میڈیکل پورٹل کا بذریعہ آن لائن آغاز کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے بھی سینکڑوں افراد دہلی کے مرکز کے اجتماع میں شرکت کی تھی جن کا زیادہ تر تعلق حیدرآباد سے ہے۔

اس لئے دہلی مرکز سے متاثر ہونے والے افراد کی تلنگانہ میں کافی تعداد ہوگئی ہے جو ریاست میں کوویڈ۔19 میں اضافہ کا اصل سبب بنا۔ مرکزی مملکتی وزیر نے مزید کہا کہ دہلی مرکز کے اجتماع میں شرکت کرنے والوں میں ممبئی، اندور، تلنگانہ کے حیدرآباد، نظام آباد، گدوال، سوریہ پیٹ میں بھی کویڈ۔ 19 کے کافی مثبت کیسیس درج ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ایک ہی مکان کے 20 تا 30 معاملات بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے بعض ریاستوں میں کچھ حد تک نرمی دی جارہی ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن میں کوئی نرمی نہیں ہے۔