نئی دہلی: پرانی دہلی کے بھاگیرتھ پیلس مارکیٹ میں لگی زبردست آگ پر قابو پالیا گیا ہے، فائر حکام نے جمعہ کو بتایا کہ کولنگ کا عمل ابھی بھی جاری ہے۔ دہلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اتل گرگ کے مطابق، جمعرات کی رات تقریباً 9.20 بجے ایک دکان میں آگ لگنے سے متعلق کال موصول ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آگ بھگیرتھ پیلس مارکیٹ میں گرودوارہ کے قریب دکان نمبر 1868 میں لگی تھی۔ اب تک 40 فائر ٹینڈرز کو جائے وقوعہ پر پہنچا دیا گیا ہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ گرگ نے کہا آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ آپریشن جاری ہے۔ اب 22 فائر ٹینڈر کولنگ آپریشن کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بعد ازاں آگ دیگر دکانوں تک پھیل گئی اور لگ بھگ 50 دکانوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اور فائر عملہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ فائر آفیسر نے بتایا کہ علاقے کی تنگ گلیاں فائر ٹرکوں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی تھیں۔