حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے شاد نگر کے چٹان پلی میں 2019 میں پیش آئے دیشا انکاؤنٹر معاملہ کی سماعت کی ہے۔ ہائی کورٹ کے علاوہ سپریم کورٹ میں داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواستوں کے پیش نظر سماعت کو دو ہفتوں کیلئے ملتوی کیا گیا۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس ابھینند کمار شاولی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے یہ سماعت کی۔ مقدمہ میں عدالت کے معاون سینئر وکیل ڈی پرکاش ریڈی نے بتایا کہ 6 ڈسمبر 2019 کو عصمت ریزی کے 4 ملزمین انکاؤنٹر میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس معاملہ میں سپریم کورٹ نے تحقیقاتی کمیشن قائم کیا تھا۔ کمیشن نے حال ہی میں اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کو پیش کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ کی تمام درخواستوں کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا جانا چاہیئے۔ ہائی کورٹ نے جوڈیشیل کمیشن کی رپورٹ ہائی کورٹ کے معاون وکیل کے حوالے کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تحقیقات دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردیا۔ر