راجستھان ‘ ضلع پریشد و پنچایت سمیتی انتخابات ‘ کانگریس کی شاندار کامیابی

,

   

ضلع پریشد میں 794 اور پنچایت سمیتی میں 3758 نشستوں پر جیت حاصل کی ۔ بی جے پی کو کراری ہار کا سامنا

جئے پور 21 نومبر ( ایجنسیز ) راجستھان میں ہوئے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات میں برسر اقتدار بی جے پی کو سخت ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یہاںکانگریس نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے موقف کو مستحکم کرلیا ہے ۔ یہ نتائج بی جے پی کیلئے ایک بڑا سیاسی جھٹکا سمجھے جا رہے ہیں کیونکہ آئندہ ماہ ڈسمبر میںریاست میں بی جے پی اقتدار کے تین سال پورے ہونے والے ہیں۔ شہری مجالس مقامی انتخابات میں کانگریس نے بی جے پی کو کانٹے کی ٹکر دی تھی اور سخت مقابلے میں بی جے پی کو معمولی سبقت حاصل ہوئی تھی جس کا بی جے پی نے بڑا جشن منایا تھا ۔ تاہم دیہی علاقوں میں ہوئے انتخابات میں بی جے پی کو راجستھان کے عوام نے پوری طرح مسترد کردیا ہے اور اس کو خود چیف منسٹر بھجن لال شرما کے ضلع میں بھی کراری شکست ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ کئی وزراء بھی اپنے اپنے اضلاع میں پارٹی امیدواروں کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ کئی وزراء نے اپنے رشتہ داروں کو ٹکٹ دلائے تھے اور پارٹی کو تیقن دیا تھا کہ انہیں کامیاب کروالیا جائے گا تاہم وہ ایسا نہیں کر پائے اور کانگریس امیدواروں نے بڑے پیامانے پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ پنچایت سمیتی انتخابات میں جملہ 7543 نشستوں کیلئے رائے دہی ہوئی تھی ۔ 7520 پنچایت سمیتیوں کے نتائج کا اعلان ہوچکا اور کانگریس پارٹی کو 3758 نشستوں پر کامیابی ملی ہے جبکہ بی جے پی محض 2213 تک محدود رہ گئی ہے ۔ اسی طرح ضلع پریشد کی 1275 نشستوں کیلئے ووٹنگ ہوئی تھی اور 1271 نشستوں کے اعلان کردئے گئے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 794 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور بی جے پی کو صرف 357 نشستوں پر جیت حاصل ہوئی ہے ۔ اس طرح ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی دونوں ہی انتخابات میں کانگریس نے بی جے پی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور کافی فرق سے جیت درج کروائی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ کانگریس نے ان انتخابات میں بی جے پی سے پانچ فیصد زائد ووٹ حاصل کئے ہیں اور یہ بی جے پی کیلئے کرار جھٹکا ہے کیونکہ اسمبلی انتخابات میں ‘ جب بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوا تھا ‘ بی جے پی کو کانگریس کے مقابلہ میں صرف ڈھائی فیصد زائد ووٹ حاصل ہوئے تھے ۔ اس فرق کو ختم کرتے ہوئے کانگریس نے پانچ فیصد اضافی ووٹ حاصل کرلئے ہیں ۔ ان نتائج کے بعد ریاست میں بی جے پی کے دفتر پر سناٹا دیکھا گیا اور کوئی لیڈر وہاں موجود نہیں تھا ۔