راجستھان کے 9اضلاع میں غیر معمولی بارش

   

جے پور: راجستھان میں اس بار اچھی مانسون کی بارش کی وجہ سے صحرائی علاقے جیسلمیر، گنگا نگر، بیکانیر کے اضلاع سمیت 9 اضلاع میں غیر معمولی بارش ہوئی ہے ، جبکہ 12اضلاع میں معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے اور اتنی ہی تعداد میں اضلاع میں معمول کی بارش ہوئی ہے ۔ ریاست کے کسی بھی ضلع میں بارش کی کمی نہیں ہے ۔محکمہ آبی وسائل کے مطابق ریاست میں یکم جون سے اب تک 287.65 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ۔
جو اس مدت کے دوران 212.42 ملی میٹر کی عام بارش سے 35.4 فیصد زیادہ ہے ۔ اس عرصے کے دوران صحرائی علاقے جیسلمیر میں 69.60 ملی میٹر کے بجائے 166.17 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے 138.7 فیصد زیادہ ہے ۔ اسی طرح بیکانیر میں عام 116.70 کے مقابلے 277.78 ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ معمول سے 138 فیصد زیادہ ہے ۔ گنگا نگر میں اب تک 205.16 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ، جو کہ عام 93.10 ملی میٹر سے 120.4 فیصد زیادہ ہے ۔ 158.60 ملی میٹر کی معمول کی بارش کے مقابلے چورو میں اب تک 348.71 ملی میٹر بارش ہوئی ہے ، جو معمول سے 119.9 فیصد زیادہ ہے ۔ان اضلاع کے علاوہ ناگور، سیکر، کوٹہ، بوندی اور جھالاواڑ اضلاع میں بھی اس دوران 60 فیصد سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ 12 اضلاع اجمیر، بانسواڑہ، باران، باڑمیر، دوسہ، دھول پور، جے پور، جھنجھنو، جودھ پور، راجسمند، ٹونک اور ادے پور میں اس دوران معمول سے زیادہ بارش ہوئی ہے ۔بارہ اضلاع الور، بھرت پور، بھیلواڑہ، چتور گڑھ، ڈنگر پور، ہنومان گڑھ، جالور، کرولی، پالی، پرتاپ گڑھ، سوائی مادھوپور اور سروہی میں معمول کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔اس مرتبہ کسی بھی ضلع میں بارش کی کمی ریکارڈ نہیں کی گئی جبکہ گزشتہ سال 26 اضلاع میں بارش کی کمی تھی اور صرف ایک ضلع میں غیر معمولی اور چھ اضلاع میں معمول کی بارش ہوئی۔