راجیہ سبھا کیلئے نامزد ٹی آر ایس ارکان کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات

   

حیدرآباد۔/25 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہونے والے رکن وی روی چندرا اور امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے ڈی دامودر راؤ اور بی پارتھا سارتھی ریڈی نے پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا۔ راجیہ سبھا کی ضمنی نشست کے چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار وی روی چندرا کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا۔ انہوں نے آج افراد خاندان کے ہمراہ چیف منسٹر سے ملاقات کی اور راجیہ سبھا کی نشست کیلئے اظہار تشکر کیا۔ مزید دو نشستوں کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد ڈی دامودر راؤ اور بی پارتھا سارتھی ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی اور امیدوار بنائے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار، ارکان مقننہ پی راجیشور ریڈی، نوین راؤ، رکن پارلیمنٹ ناما ناگیشور راؤ، رکن کونسل ٹی مدھو، گورنمنٹ وہپ آر کانتا راؤ، ایم وینکٹیشورراؤ، اوپیندر ریڈی، راملو نائیک، ناگیشور راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس نے پہلی مرتبہ 3 صنعت کاروں کو راجیہ سبھا کا ٹکٹ دیا ہے۔ر