نعشوں کی سیاست کرنے کا تلنگانہ حکومت پر الزام ، عنقریب سرسلہ میں بیروزگاری ڈیکلریشن کا اعلان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے ورنگل کے نوجوان راکیش کو مارنے کا ٹی آر ایس پر اور مروانے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ ریونت ریڈی راکیش کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کے لیے ورنگل جارہے تھے ، پولیس نے انہیں گھٹکیسر کے قریب روک لیا ۔ اس موقع پر پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار اور لفظی جھڑپ ہوگئی ۔ بالآخر پولیس نے تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے رویے پر ریونت ریڈی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راکیش کی نعش کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے والدین کو پرسہ دینے کے لیے روانہ ہونے پر پولیس کو تکلیف کیا ہے ۔ کیوں ہمیں روکا جارہا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس کے وزراء آخری رسومات کے جلوس میں شریک ہوسکتے ہیں۔ گلابی جھنڈے باندھ کر آخری رسومات کا جلوس نکالا جارہا ہے ۔ اس پر پولیس کو کوئی اعتراض نہیں ہے اور نہ ہی پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی ہے ۔ وہی جلوس میں ہماری شرکت پر پولیس کو اعتراض کیوں ہیں ۔ ٹی آر ایس نعشوں کی بھی سیاست کررہی ہے ۔ عوام کو زیادہ دنوں تک دھوکہ نہیں دیا جاسکتا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ عنقریب سرسلہ میں ’ بیروزگاری ڈیکلریشن ‘ کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے حکومت اور پولیس سے استفسار کیا کہ انہیں کیوں روکا گیا ہے ۔ جب کہ یہ ان کا اپنا حلقہ پارلیمنٹ ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ غمزدہ ارکان خاندان سے ملاقات کرنے جارہے تھے ۔ جب کہ ٹی آر ایس اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔۔ ن