نئی دہلی، 18 ستمبر (یو این آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی ہفتہ کو مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں تعلیمی نظام میں بے ضابطگی اور امتحانات کے پیپر لیک کے خلاف اپنی مہم ‘چھاتروں کی گونج’ سے خطاب کریں گے ۔کانگریس نے جمعہ کو اپنے سرکاری سوشل میڈیا ہینڈل ایکس پر یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ گاندھی 19 ستمبر کو اندور کے بھارت جوڑو میدان میں طلباء کی آواز کو بلند کریں گے اور تعلیمی نظام میں تبدیلی کے مطالبے کے حق میں ان کے ساتھ بات چیت کریں گے ۔ پارٹی نے کہا کہ پیپر لیک، امتحان میں بے ضابطگیوں، مہنگی تعلیم اور مواقع کی کمی سے طلباء متاثر ہو رہے ہیں اور ‘چھاتروں کی گونج’ کے ذریعے ان کے مسائل اور تجاویز کو سامنے لایا جا رہا ہے ۔راہول گاندھی نے اس سے پہلے 17 جون کو راجستھان کے کوٹہ سے ‘چھاتروں کی گونج’ مہم کی شروعات کی تھی۔ اس کے بعد 17 جولائی کو دہرادون اور آٹھ اگست کو پریاگ راج میں پروگرام منعقد کیے گئے تھے ، جبکہ 22 اگست کو پونے میں طالبات کیلئے خاص پروگرام کیا گیا تھا۔