آسٹریلیا میں 20 جانیں بچانے والے حیدرآبادی نوجوان کو تہنیت پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور بوندی علاقے میں پیش آئے ایک خوفناک حملے کے دوران اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر غیر معمولی بہادری دکھا کر تقریبا 20 معصوم لوگوں کی جان بچانے والے حیدرآبادی نژاد نوجوان رحمت پاشاہ کو بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رحمت پاشاہ کی بہادری پر پوری قوم اور تلگو برادری کو فخر ہے ۔ ان سے ملاقات کرنے والے رحمت پاشاہ کی شالی پوشی کی اور کہا کہ رحمت پاشاہ کے دلیرانہ اقدام اور بہادری پر نہ صرف تلگو ریاستوں بلکہ پورے ہندوستان کو فخر ہے ۔ حیدرآباد کے فرزند نے دیار غیر میں بھی انسانیت کی ایسی اعلیٰ ترین مثال قائم کی ہے جہاں لوگ اپنی جان بچا کر بھاگ رہے تھے وہاں رحمت پاشاہ نے دوسروں کو بچانے کے لیے اپنی زندگی داؤ پر لگادی ۔ ان کی یہ بے لوث خدمت دنیا بھر کے نوجوانوں کے لیے ایک عظیم ترین ترغیب اور مشعل راہ ہے جس کی وہ دل کی گہرائیوں سے عزت کرتے ہیں ۔ رحمت پاشاہ کے اس شاندار اور تاریخی کارنامے پر آسٹریلیا کی حکومت نے ان کی خدمات اور بہادری کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں آسٹریلیا کی مستقل سکونت (PR) کا خصوصی درجہ عطا کیا ہے اور ساتھ ہی حکومت کے اعلیٰ ترین ’ بہادری ایوارڈ ‘ کے لیے بھی نامزد کیا ہے۔ اس موقع پر بی آر ایس کے گلوبل این آر آئی کوآرڈینٹر مہیش بگالا سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم آنند ، این بورا اور دیگر موجود تھے ۔ رحمت پاشاہ کو ان کی اس تاریخی کامیابی اور آسٹریلوی حکومت کی جانب سے ملنے والے اعزازات پر مبارکباد دی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ۔۔ 2/a/b