مسجد میں مصلیوں کیلئے بہتر سہولیات، بورڈ کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے آج وقف بورڈ کے مختلف شعبہ جات کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عہدیداروں اور ملازمین کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رمضان المبارک کے پیش نظر حج ہاوز کی مسجد میں نماز اور تراویح کے انتظامات پر عہدیداروں سے بات چیت کی۔ عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران حج ہاوز کی مسجد میں مصلیوں کی تعداد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ نماز کے اوقات اور پھر افطار کے موقع پر مسجد کے علاوہ اوپری فلور پر موجود مسجد کے حصہ میں مصلیوں کیلئے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہر سال وقف بورڈ کی جانب سے انتظامات کئے جاتے رہے اسی طرح اس بار بھی بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ مسجد کے اطراف اور حج ہاوز کے احاطہ میں صحت و صفائی کے موثر انتظامات کئے جائیں خاص طور پر وضو خانوں اور طہارت خانوں کی صفائی پر توجہ رہے۔ سید عظمت اللہ حسینی نے مسجد کا معائنہ کرتے ہوئے موجود سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاوز کے سارے علاقہ میں صفائی کے انتظامات کے ذریعہ روزہ داروں کو مشکلات سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے وقف بورڈ کے مختلف شعبہ جات کے معائنہ کے موقع پر عہدیداروں اور ملازمین کو وقت کی پابندی کی ہدایت دی اور کہا کہ ڈسپلن کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف افراد نے صدرنشین وقف بورڈ کو اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ صدر نشین وقف بورڈ نے کہا کہ وقف بورڈ کے تحت ریاست کی تمام مساجد میں رمضان المبارک کے موقع پر موثر انتظامات کئے جانے چاہیئے۔1