روس کے مقابلہ یوکرین سے نمٹنا زیادہ مشکل : ٹرمپ

   

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مذاکرات میں روس کو آسان فریق قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان امن کی کوششوں میں روس کے مقابلہ میں انھیں یوکرین کے ساتھ نمٹنا زیادہ مشکل لگ رہا ہے۔ٹرمپ نے جمعہ کو اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ روس کے ساتھ بہت اچھا کام کر رہا ہے اور کیف کے مقابلہ میں ماسکو کے ساتھ معاملہ کرنا آسان لگ رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ روس وہی کر رہا ہے جو اس حالت میں کوئی دوسرا کرتا، مضبوط پوزیشن میں ہونے کے باوجود روس معاہدہ کے لیے تیار ہے جب کہ یوکرین کے ساتھ معاملات طے کرنا آسان نہیں ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ ولادیمیر پیوٹن جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، لیکن وہ یوکرین کے بارے میں یہ یقین سے نہیں کہہ سکتے۔ واضح رہے کہ اس سے محض چند ہی گھنٹے قبل ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ یوکرین کے ساتھ جنگ بندی تک روس پر بڑے پیمانے پر پابندیوں اور محصولات کے نفاذ پر ’’سختی سے غور‘‘ کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، خلائی ٹیکنالوجی کمپنی میکسار نے بی بی سی ویریفائی کو بتایا ہے کہ امریکہ نے کچھ سیٹلائٹ تصاویر تک یوکرین کی رسائی کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، جب کہ ٹرمپ کی جانب سے پہلے ہی یوکرین کی فوجی امداد روکی جا چکی ہے۔