مساجد میں وزیٹنگ کارڈ کے ساتھ شیرینی کی تقسیم
مکتھل۔/9 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی مکتھل مسٹر واکٹی سری ہری نے اپنی کامیابی پر مسلمانوں سے اظہار تشکر کیلئے ایک نئے و منفرد طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے جمعہ کے دن مستقر مکتھل اور اطراف کی مساجد میں نماز جمعہ کے بعد اپنے نام کے ساتھ تحریری شکریہ ادا کرنے کے علاوہ تمام مصلیان کو شیرینی اور مٹھائی و کھاری بوندی پر مشتمل پیاکٹ تقسیم کے ذریعہ فرداً فرداً مسلمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مٹھائی کے اس پیاکٹ میں وزیٹنگ کارڈ کے سائز میں ایک خوبصورت کارڈ ان کی تصویر کے ساتھ موجود تھا جس میں پورے خلوص سے ووٹ دینے پر اظہار تشکر اور ہمیشہ مسلمانوں کے کام کاج میں تعاون پر مشتمل جملے تحریر تھے۔ یہ پیاکٹ مستقر مکتھل کی تمام مساجد میں نماز جمعہ کے بعد تقسیم کئے گئے جس کی مسلمانان مکتھل نے زبردست ستائش کی اور اظہار تشکر کے اس دلچسپ و انوکھے طریقہ کار کو خوب سراہا گیا۔کانگریس اقلیتی سیل کے ذمہ داران جناب نور الدین نائب صدر ضلع اقلیتی سیل کانگریس، جناب عبدالرحمن، محمد فیاض ، صادق حسین، حسام الدین، رحیم پٹیل، سالم چاوش، شمس الدین ، منظور الہی و دیگر نے حصہ لیا۔