ریاست بھر میں دسویں جماعت کے امتحانات کا اختتام‘ کل سے پرچوں کی جانچ

   

حیدرآباد۔11۔اپریل (سیاست نیوز) ریاست بھر میں دسویں جماعت کے امتحانات کا پرامن اختتام ہوا، 3 اپریل سے امتحانات کا آغاز ہوا تھا جس کا منگل کو سماجی علم امتحان کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ ایس ایس سی بورڈ نے بتایا کہ دسویں جماعت کے امتحانات میں 99.63 فیصد طلبہ نے شرکت کی ہے۔ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے 4,86194 لاکھ ریگولر طلبہ نے درخواستیں داخل کی اور 4,84,384 لاکھ طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی ۔ 1809 طلبہ نے امتحانات میں شرکت نہیں کی ۔ خانگی طور پر 443 طلبہ نے درخواستیں داخل کی ۔ تاہم 191 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی۔ مال پراکٹس کے تین کیس درج ہوئے۔ ایس ایس سی امتحانات کیلئے ریاست کے مختلف اضلاع میں 2652 مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ابتداء کے دو امتحانات میں پرچہ سوالات امتحانی مراکز سے اوٹ ہوگئے جس کے بعد ریاست میں کافی ہنگامہ ہوا ۔ ذمہ دار چند ٹیچرس کو معطل کیا گیا اور چند افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ سیاسی جماعتوں اور طلبہ تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا گیا ۔ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی جانب سے سخت اقدامات کئے گئے جسکے بعد ماباقی امتحانات پرامن گزرے۔ 13 اپریل سے دسویں جماعت کے امتحانات کے جوابی پرچوں کی جانچ کا آغاز ہورہا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں جملہ 18 مراکز قائم کئے گئے۔ دسویں جماعت کے امتحانات 6 پرچوں پر مشتمل ہے ، لہذا 9 دن 21 اپریل تک پرچوں کی جانچ کا عمل مکمل کرنے کا نشانہ مختص کیا گیا ہے ۔ مئی کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں نتائج جاری کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ن