ریاست میں نئے تعلیمی انقلاب کا آغاز: پونم پربھاکر

   

ڈی ایس سی کے ذریعہ 10 ہزار اساتذہ کے ریکارڈ تقررات
حیدرآباد ۔11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ ریاست میں نئے تعلیمی انقلاب کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کانگریس حکومت نے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ کریم نگر کے حسن آباد اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ ریسیڈنشیل کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ نوجوانوں کو اسکل ڈیولپمنٹ کے ذریعہ روزگار کی فراہمی کانگریس حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اسکل یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا اور عنقریب یونیورسٹی میں مختلف کورسیس کا آغاز ہوگا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ وہ خود بھی اسٹوڈنٹ لیڈر کے طورپر تلنگانہ تحریک میں حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ کے بنیادی مسائل سے وہ اچھی طرح واقف ہیں۔ کریم نگر ضلع میں تعلیم ، صحت کے علاوہ روزگار کی فراہمی اور سیاحت کے فروغ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کریم نگر ضلع میں جملہ 4 انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کو منظوری دی ہے ۔ ان اسکولوں میں چوتھی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک غریب طلبہ کو مفت معیاری تعلیم فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 25,000 سرکاری اسکولوں میں 11,00کے خرچ سے بنیادی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت نے سرکاری اسکولوں کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ بی آر ایس دور حکومت میں سرکاری اسکولس بند کردئے تھے جبکہ کانگریس حکومت نے 19,000 اساتذہ کو ترقی عطا کی اور 35,000 اساتذہ کے تبادلے کئے۔ ڈی ایس سی کے ذریعہ 10,000 اساتذہ کے تقررات عمل میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکول کامپلکس تعمیر کر رہی ہے جہاں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی طلبہ کیلئے مفت اور معیاری تعلیم کا نظم رہے گا۔ 1