نئی دہلی: ہندوستانی ریلوے نے اس سال چھٹ کے تہوار پر ایک ہی دن میں غیر محفوظ زمرے کے ایک کروڑ سے زیادہ مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچا کر ایک ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ریلوے کے ترجمان نے منگل کو بتایا کہ اس سال تہواروں کے موقع پر ریلوے کی طرف سے 7663 خصوصی ٹرینوں کو نوٹیفائڈ کیا گیا ہے ۔ یہ ٹرینیں یکم اکتوبر سے 30 نومبر کے درمیان چلائی جا رہی ہیں۔ گزشتہ سال اس عرصے کے دوران 4429 خصوصی ٹرینیں چلائی گئیں۔ اس طرح اس سال 73 فیصد سے زیادہ ٹرینیں چلائی گئی ہیں۔ترجمان کے مطابق 24 اکتوبر سے 4 نومبر کے درمیان ہندوستانی ریلوے میں 9.58 کروڑ مسافروں نے غیر مضافاتی راستوں پر سفر کیا۔ یہ ایک نیا ریکارڈ ہے ۔