زیر التواء ٹریفک چالانات پر ’ون ٹائم ڈسکاؤنٹ‘ کا اعلان

   

یکم تا 31 مارچ صرف آن لائن ادائیگی کی سہولت، وہیکلس کے مطابق رعایتوں کا فیصلہ

حیدرآباد۔ 23 فروری (سیاست نیوز) شہر کے حیدرآباد، سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کمشنریٹس میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کے زیر التواء چالانات پر ’’ون ٹائم ڈسکاؤنٹ‘‘ یعنی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس نے چہارشنبہ کو جاری اپنے پریس نوٹ میںبتایا ہے کہ انسانی بنیادوں پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ شہر کے عوام کورونا وباء کے باعث گزشتہ دو برسوں کے دوران معاشی مسائل کا سامنا کررہے ہیں۔ پریس نوٹ کے مطابق 85 فیصد چالانات کا تعلق سماج کے متوسط اور اس سے کم طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے ٹو وہیلرس اور آٹوز سے ہے۔ وہیکلس کی زمرہ بندی کے ساتھ ڈسکاؤنٹ کی تجویز پیش کی گئی ہے جس کے مطابق ٹو وہیلرس اور آٹوز زیر التواء چالانات کا اگر 25 فیصد ادا کرتے ہیں تو ماباقی 75 فیصد زیر التواء چالانات معاف کردیئے جائیں گے۔ ٹھیلہ بنڈی اور چھوٹے وینڈرس کی جانب سے اگر 20 فیصد چالان کی رقم ادا کی جاتی ہے تو باقی 80 فیصد معاف کی جائے گی۔ لائٹ موٹر وہیکلس، کاریں، جیپ اور ہیوی وہیکلس کی جانب سے 50 فیصد کی ادائیگی پر باقی 50 فیصد معاف کیا جائے گا۔ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی) کے ڈرائیورس اگر 30 فیصد ادا کرتے ہیں تو باقی 70 فیصد معاف کیا جائے گا۔ یہ سہولت یکم مارچ سے 31 مارچ تک ہوگی جبکہ ادائیگی صرف آن لائن کے ذریعہ وصول کی جائے گی۔