سائبر جرائم کی روک تھام کیلئے حیدرآباد میں خصوصی سمٹ

   

وزیر آئی ٹی سریدھر بابو ، کمشنر پولیس سی وی آنند اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/7 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں عوام کو سائبر جرائم سے محفوظ رکھنے اور شعور بیداری کیلئے HACK سمٹ کا اہتمام کیا گیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو، ڈی جی پی سائبر سیکوریٹی بیورو شیکھا گوئل، کمشنر پولیس سی وی آنند، مختلف آئی ٹی کمپنیوں اور تجارتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈی سریدھر بابو نے سائبر کرائم میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مستقبل میں تلنگانہ مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوجائے گا جس کے تحت سائبر سیکوریٹی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں سائبر جرائم سے متعلق شعور بیداری کی ضرورت ہے کیونکہ نت نئے انداز سے عوام کو لوٹا جارہا ہے۔ کانفرنس میں سائبر سیکوریٹی بیورو کی ڈائرکٹر شیکھا گوئل نے بتایا کہ تلنگانہ میں روزانہ 4 سے 5 کروڑ روپئے کی سائبر دھوکہ دہی ہورہی ہے اور بھولے بھالے عوام کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سائبر جرائم کو روکنے کیلئے پولیس نے مختلف آئی ٹی اداروں سے تعاون حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی غلطی کے نتیجہ میں زیادہ تر کیسس میں سائبر مجرمین کو دھوکہ دینے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی کیسس میں متاثرین پولیس کو تمام تر تفصیلات پیش کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ کانفرنس کے تحت مختلف سیشنس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں ماہرین نے سائبر جرائم روکنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ کانفرنس میں محمد سلمان منیجنگ پارٹنر انمول گروپ آف کمپنیز اور ایگزیکیٹیو ممبر HCSC کی خدمات کو سراہا گیا۔1