عالیہ اسکول میں بنیادی سہولتوںکی فراہمی، وزیر داخلہ محمدمحمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔27۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ آج اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں اور خوشحال زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ قابلیت اور صلاحیت کے اعتبار سے خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں سے پیچھے نہیں ہیں۔ وزیر داخلہ نے آج شہر کے مشہور عالیہ گورنمنٹ اسکول میں جدید تدریسی آلات اور انفراسٹرکچر کی فراہمی تقریب میں شرکت کی ۔ ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی اور سرینواس یادو کے ہمراہ وزیر داخلہ نے اس موقع پر نئی اور عصری سہولتوں کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عالیہ اسکول حیدرآباد کا قدیم اور تاریخی اسکول ہے جہاں سے ہزاروں طلبہ فارغ ہوئے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ تعلیم کو کافی اہمیت دے رہی ہے اور سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے ۔ طلبہ کو کارپوریٹ اداروں سے مسابقت کیلئے انگلش میڈیم تعلیم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ آئندہ تعلیمی سال سے آٹھویں جماعت تک سرکاری اسکولس میں بھی انگلش میڈیم تعلیم کا انتظام رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں میں بہتر انفراسٹرکچر کیلئے میرا اسکول میرا شہر اسکیم متعارف کی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس اسکیم کیلئے 7200 کروڑ جاری کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے آج ملک میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے علاوہ کے سی آر، کے ٹی آر ، ہریش راؤ اور وہ خود بھی سرکاری اسکول کے تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دلائیں جہاں حکومت کارپوریٹ طرز کی تعلیم مفت فراہم کر رہی ہے۔ر