صدر اردو اکیڈیمی کا ضلع کلکٹرس اور آر ٹی سی حکام کو مکتوب
حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان نے کہا کہ اردو اکیڈیمی ریاست میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کے طور پر نافذ کرنے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کو اردو کے دوسری سرکاری زبان کے طور پر نفاذ کی ہدایت دی جائے گی۔ تلنگانہ سرکاری زبان ترمیمی قانون 2017 مورخہ 2 ڈسمبر 2017 قانون کا نفاذ 27 اپریل 2018 سے ہوا ہے۔ تمام ضلع کلکٹرس اور اقلیتی بہبود کے ضلعی عہدیداروں کو طاہر بن حمدان نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے تمام سرکاری دفاتر اور اداروں میں اردو زبان کے استعمال کا مشورہ دیا ہے۔ تلگو میڈیم آنگن واڑی اسکولوں کے مماثل اردو میڈیم آنگن واڑی اسکول قائم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو لسانی اقلیت تلنگانہ میں بڑی تعداد میں ہے اور ان کی سہولت کیلئے سرکاری دفاتر، مدارس، کالجس کے سائن بورڈز پر اردو شامل کی جائے۔ انہوں نے منیجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی کو ایک علحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے آر ٹی سی کی تمام بسوں پر اردو تحریر شامل کرنے کا مشورہ دیا۔1