میدک میں 100 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل کا افتتاح، وزیر صحت ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔27۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کے نتیجہ میں ڈیلیوری کیسس میں 30 تا 56 فیصد کا اضافہ ہوچکا ہے۔ میدک میں 100 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل کا افتتاح انجام دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں عصری سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ میدک میں 17 کروڑ کے خرچ سے ماں اور بچہ کے ہیلت سنٹر کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 100 بستروں کے دواخانہ کا قیام غریب عوام کے لئے سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور شیرخوار بچوں کو بہتر علاج کی سخت ضرورت ہوتی ہے ، ایسے میں حکومت نے بھاری اخراجات کے ساتھ مدر۔چلڈرن ہیلت سنٹرس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی کی مساعی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کیسس کی تعداد کم ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں عوام ڈیلیوری کے لئے سرکاری دواخانوں کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے میٹرنیٹی وارڈ ، لیبر روم ، آپریشن تھیٹر ، پڈیاٹرک وارڈ آئی سی یو اور دیگر وارڈس کا معائنہ کرتے ہوئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت نے سرکاری دواخانوں کی صورتحال کو تبدیل کردیا ہے ۔ حیدرآباد کے اطراف تین سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلیوری کے بعد خواتین اور بچوںکے بہتر علاج کیلئے حکومت 3000 روپئے فراہم کرے گی۔ انہوں نے ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو پابند کیا کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے دلت بندھو اسکیم کے استفادہ کنندگان میں چیکس تقسیم کئے۔ر