سرینگر میں امیرکبیر میر سید علی ہمدانی ؒ کا عرس

   

سرینگر: انجمن نصرۃ الاسلام سری نگر نے اپنی اور نظر بند صدر انجمن میر واعظ محمد عمر فاروق کی جانب سے اہل کشمیر کے سب سے بڑے محسن سید السادات امیر کبیر میرسید علی ہمدانیؒ کے عرس پاک کے موقع پران کی گرانقدر دینی ، دعوتی، تصنیفی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انجمن کی طرف سے جاری ایک بیان میں حضرت شاہ ہمدانؒ کو حقیقت، معرفت، صداقت،امانت، د یانت اور ولایت کا تاجدار بتاتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا حقیقی معنوں میں ایک عظیم محسن اور مشفق ومربی قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیاکہ حضرت امیر کبیرؒنے ختلان ایران سے کشمیر کا غیر معمولی پُر مشقت اور جدوجہد کے بعد سفر کرکے اہل کشمیر کو دین حق کی طرف عملاً دعوت دی اور اہالیان کشمیر نے حضرت امیر کبیر کی ربانی آواز پر لبیک کہا۔