ریاض۔ 12 ستمبر (ایجنسیز) سعودی عرب پر عراق سے کیے گئے ڈرون حملوں کے بعد عراقی وزیراعظم نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار اعلیٰ فوجی کمانڈر کو عہدہ سے برطرف کر دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ان حملوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے ان حملوں کے بعد اپنی مشرقی اور مغربی آئل پائپ لائن کو بھی احتیاطی تدابیر کے طور پر عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاض اور مدینہ کے علاقوں کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملوں نے خطہ میں سیکوریٹی صورتحال کو مزید حساس بنا دیا ہے۔ عراقی وزیراعظم کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ تحقیقاتی ٹیموں نے یہ ثابت کیا ہے کہ سعودی حدود میں داخل ہونے والے ڈرون عراق سے بھیجے گئے تھے۔ اس سنگین خلاف ورزی کے تناظر میں جنوبی عراق کے صوبہ میسان میں فوجی کارروائیوں کے نگران کمانڈر کو فوری طور پر عہدہ سے ہٹا دیا گیا ہے۔